کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات جھرلو الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔
سراج الحق نے کہا کراچی میں 35 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن ابھی صرف 250 بسیں ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تباہ کن ہے، پاکستان کے جن حکمرانوں نے آئی پی پیز سے معاہدہ کئے انہوں نے عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے، نگران وزیراعظم نے 14 اگست کو حلف اٹھایا ہے، 15 اگست سے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کے آئی پی پیز کے معاہدے ختم کئے جائیں، ان معاہدوں کا آڈٹ کیا جائے، ان معاہدوں کو کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور معاہدوں کو فوری ختم کیا جائے، 6 اکتوبر کو گورنر ہاؤس پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت کا ایک ہی کام ہے کہ الیکشن کروائے، نگران حکومت ایک شفاف الیکشن کروائے، آئندہ ہونے والے الیکشن جھرلو الیکشن نہ ہوں، جماعت اسلامی یہاں آئین، قرآن اور سنت کی حکمرانی کی بات کر رہی ہے، ہم 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔