لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ لائن لاسز سرکار کی مس مینجمنٹ، نالائقی ہے اور اس کا سارا بوجھ عوام پر آتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہر پاکستانی مہینے میں ایک بار بجلی کا بل ادا کرتا ہے، جو بجلی آپ استعمال کرتے ہیں یہ اس کی قیمت نہیں سرکاری ڈاکہ ہے، ہر پاکستانی جو بل ادا کرتا ہے وہ اپنا بوجھ اٹھانے کیساتھ 5 مزید چوروں کا بل بھی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے بھی کہا ہے کہ گھر میں 4 بلب 1 پنکھا چلانا مشکل ہوگیا، بجلی استعمال کریں نہ کریں ہر ماہ آپ نے یہ جرمانہ ادا کرنا ہے، چند لوگوں کی پراپرٹیز، شوگر ملز، کارخانے اور دولت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے سستی بجلی کے بجائے ایسے معاہدے کیے جس کے نتیجے میں قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا، آئی پی پیز معاہدے پاکستانی کرنسی میں کرنے کے بجائے ڈالر میں کیے گئے، یہ معاہدے 1994ء میں پیپلز پارٹی نے کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی حکومت نے مافیاز پر ہاتھ ڈالنے کی جرات نہیں کی، گزشتہ عرصے میں قوم نے استعمال ہونے والی بجلی سے زیادہ بل ادا کیا ہے، اتنا بڑا ظلم ایسٹ انڈیا کمپنی نے قوم کے ساتھ نہیں کیا جتنا بڑا ظلم ہمارے حکمرانوں نے کیا ہے۔