اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے پر جی ایچ کیو پر حملے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے قبل 4 مئی کو جی ایچ کیو کے قریب ریلی نکالنے کا فیصلہ ہوا تھا، 7 مئی کو فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی صورت میں آئی ایس آئی آفس اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنا ہے۔
صداقت عباسی نے مزید کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کہا تھا کہ ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے ہے، 6مئی کی ریلی نکالنے کا مقصد بھی اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا تھا، 9 مئی کے بعد میں ایک ماہ روپوش رہا، دوست کے گھر پر پناہ لئے رکھی، پھر اہلخانہ کے ساتھ گلگت چلا گیا تھا۔
صداقت عباسی نے اسی پروگرام میں عثمان ڈار کی طرح سیاست اور تحریک انصاف کو خیرباد کرتے ہوئے کہا کہ ملکی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کے روپوش رہنما عثمان ڈار نے دنیا نیوز پر اینکر کامران شاہد کے پروگرام میں انٹرویو کے دوران 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی کو قرار دیتے ہوئے بہت سے حقائق سے پردہ اٹھایا تھا، انہوں نے پروگرام کے دوران ہی تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔