لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے سلسلہ میں پارٹی نے لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے وغیرہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چھوٹے جلسوں کے بجائے 21 اکتوبر کو ہونیوالے جلسے پر فوکس رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی قیادت کی ہدایت پر کل بدھ کو گلشن راوی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا گیا۔
غزالی سلیم بٹ کے حلقے میں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کے حلقوں میں ہونے والے جلسے اور ورکرز کنونشنز بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اب تمام حلقوں کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابق بلدیاتی نمائندوں اور ورکرز کے اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوں گے۔
مریم نواز ہر اجلاس کی صدارت کریں گی، تمام اجلاسوں میں مریم نواز قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے چھوٹے جلسوں کے بجائے سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔