لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے، کئی گئے، شیر وہیں کھڑا ہے۔
مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے حلقہ این اے 135 میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی آج 8 اکتوبر ہے یا 21 اکتوبر، آج ایک حلقے کا یہ عالم ہے تو 21 اکتوبر کو کیا عالم ہو گا، 21 اکتوبر کو پاکستان کا لیڈر نوازشریف واپس آرہا ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 8, 2023
مریم نوازشریف نے کہا کہ جو شخص 21 اکتوبر کو واپس آرہا ہے اس نے اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے زیادہ دیکھے، 7 سال سے جو اداسی پاکستان پر چھائی تھی وہ امید میں بدلتی جارہی ہے، نوازشریف نے اپنے دور میں مہنگائی بڑھنے نہیں دی، نواز شریف دور میں چینی پچاس اور آٹا 35 روپے کلو تھا۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا نوازشریف نے ڈالر کو 99 سے 105 روپے تک محدود رکھا، لوڈشیڈنگ بھی نواز شریف کے دور میں ختم ہوئی، نوازشریف دور میں مہنگائی 2 فیصد تھی آج روز اوپر جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی قوم پر بڑا عذاب، نوازشریف نجات دلا کر خوشحالی لائیں گے: مریم نواز
مریم نوازشریف نے کہا کہ شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے اور کئی گئے، شیر وہیں کھڑا ہے، آج پاکستان کے کونے کونے سے آوازیں آرہی ہیں وزیراعظم نوازشریف، آج سفید پوش کے گھر بیماری آجائے تو سوچتا ہے بل ادا کروں یا دوائی لوں، سازش کے ذریعے نوازشریف کو 2017ء میں اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان کا یہ حال ہوتا؟
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا بجلی کے مہنگے مہنگے بل آرہے ہیں، لوگ سوچتے ہیں گھر بیچیں یا بجلی کا بل دیں، قوم کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا کہ نوازشریف کو 4 سال بعد دفتر سے نکال دیا، ٹھوکر نیاز بیگ والوں سے پوچھنا چاہتی ہوں سی پیک کس نے بنایا؟ سڑکوں کا جال پورے پاکستان میں کس نے بچھایا؟ پاکستان کو ایٹمی طاقت کس نے بنایا؟ کراچی میں گرین لائن منصوبہ کس نے بنایا؟ 14 ہزار میگاواٹ بجلی کے کارخانے کس نے لگائے؟
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں: مریم نواز
مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا دہشتگردی بھی نوازشریف کے دور میں ختم ہوئی، لوڈشیڈنگ بھی نوازشریف کے دور میں ختم ہوئی، 14ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بھی نوازشریف کے دور میں لگے، نوازشریف نے 4 سال میں دھرنوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے ملک کو دیئے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں مہنگائی 2 فیصد تھی اب روز اوپر جاتی ہے، نوازشریف کے علاوہ کوئی ایسا وزیراعظم آیا ہو جس نے 4 سال میں کسی چیز کی قیمت نہیں بڑھنے دی ہو؟
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے عوام نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بے تاب ہیں: مریم نواز
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے دور میں ادویات گھروں تک پہنچائی جاتی تھیں، ہیلتھ کارڈ نوازشریف نے ہی بنایا تھا، ہیلتھ کارڈ کا دعویٰ کرنے والوں نےعوام سے ادویات چھین لیں، کینسر، ذیابطیس کے مریض رل گئے، 2018ء میں نوازشریف کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر گھڑی چور کو حکومت دی گئی، گزشتہ 4 سال جوکروں کی حکومت تھی، گزشتہ حکومت میں جو جتنی بڑی گالی دیتا تھا اس کو اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔
مریم نوازنے مزید کہا جنہوں نے خدمت کرنی تھی وہ گالی دیتے رہے اور الزامات لگاتے رہے، ہم کسی کو گالی نہیں دیتے، لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے، نوازشریف کے بغیر میرا اور آپ کا ملک رُل گیا ہے، کوئی ایسا طبقہ نہیں جس کے گھر میں آج مشکلات نہیں ہیں، دکھوں میں لوگوں کو اللہ کے بعد نوازشریف یاد آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور ترقی کو روکنے والا آج کوڑے دان میں پڑا ہے: مریم نواز
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا نوازشریف اس بار پھر آئیں گے اور ملک کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے، نوازشریف نے کسی سے شاباش نہیں لینی کیونکہ وہ اس مٹی کا بیٹا ہے، نوازشریف باہر سے امپورٹ ہوکر نہیں آئے، نوازشریف کو کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک میں لانچ نہیں کیا، یہ مٹی ہماری ہے اور ہم نے ٹھیک کرنا، انشاءاللہ کر کے دکھائیں گے، نوازشریف واپس آرہے ہیں اور اس ملک کے اچھے دن بھی۔