پی ٹی آئی کی لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت نہ ہو سکی

Published On 11 October,2023 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی لاہور ہائیکورٹ میں لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے کیلئے درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران کے رخصت پر ہونے کے باعث درخواست پر آج سماعت نہ ہوسکی، لبرٹی چوک پر جلسے کے لیے پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری عظیم اللہ خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پانچ روز قبل متعلقہ فریقین کو جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی، پر امن جلسہ کرنا ہر ایک کا آئینی حق ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت لبرٹی چوک پر 15 اکتوبر کو شام 7 بجے جلسہ کرنے کی اجازت دے، عدالت جلسے کے لیے سکیورٹی انتظامات فراہم کرنے کے لیے بھی حکم جاری کرے۔