اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو افسروں کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مراسلہ بھجوا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، شفاف انتخابات کا انعقاد بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
مراسلے کے مطابق چیف سیکرٹری سے ملاقات میں افسران کے تبادلوں کا معاملہ زیر بحث آیا، جن افسران کے تبادلے نہیں ہوئے، انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے مراسلہ میں کہا ہے کہ تبادلوں کے احکاماتِ پر قانون کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے، ان احکامات پر عملدرآمد کر کے تین دن میں رپورٹ جمع کرائی جائے۔