پشاور: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے رہنما رضا ربانی نے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات غیر آئینی ہیں، خوف کی وجہ سے سینیٹ کا اجلاس نہیں بلا رہی۔
پی پی پی رہنما رضا ربانی نے مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء فلسطین کو سلام پیش کرتا ہوں، فلسطینی شہداء نے اسرائیل اور بین الاقوامی سامراج کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا، پاکستان کے عوام آج غزہ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ سامراج کے خلاف جدوجہد میں شامل ہیں، فلسطین کی الگ ریاست تک چین سے نہیں بیٹھیں گے
رضا ربانی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مفتی محمود نے ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ مل کر ملک کو متفقہ آئین دیا تھا، متفقہ آئین کو مختلف اوقات میں پامال کیا گیا، آئین میں یہ بات لکھی ہوئی ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہوں گے، آئین ہر ادارے کے حقوق کا تعین کرتا ہے۔
پی پی کے رہنما نے مزید کہا کہ آج ہر ادارہ دوسرے ادارے میں مداخلت کر رہا ہے، نگران حکومت کے اقدامات آئین و قانون سے انحراف ہیں، خوف کی وجہ سے سینٹ کا اجلاس بلانے سے کترا رہی ہے، نگران کابینہ کی حالیہ تقرری بھی قانون کی خلاف ورزی ہے، آئین نگران حکومت کو تقرریوں کی اجازت نہیں دیتا۔