قصور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزراء اعظم نواز شریف اور شہباز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں۔
قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ مینار پاکستان لاہور میں نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے، آج کا اجتماع منتخب افراد کا ہے پھر بھی عوام حمزہ شہباز کی جھلک دیکھنے امڈ آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر صرف میاں نواز شریف اور شہباز کی مرہون منت ہے، ہر منصوبے کا آغاز انہوں نے کیا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والا اور 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اس ملک کا دشمن ہے، سرحدوں پر سینے میں گولیاں کھانے والوں کی نشانیاں بھی ان لوگوں نے برباد کیں، ہم پاک ہستیوں کی توہین کرنے والوں کے خلاف تھے اور ہیں۔
ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جس نے ن لیگ کی قیادت کو سالہا سال جیل میں رکھا وہ آج خود اس عمل کا شکار ہے۔