شکرگڑھ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایک وائرس ہے اس کا خاتمہ کریں گے۔
جنرل سیکرٹری ن لیگ احسن قبال نے نورکوٹ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کوتاہیوں اور غلطیوں کی ٹوکری ہم نے اٹھائی، ہم ملک نہ سنبھالتے تو ملک کا ایٹمی پروگرام کو خطرہ تھا، دنیا کی ایٹمی پروگرام پر نظریں ہیں، ملک کی فوج ایٹمی پروگرام کی حفاظت کر رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کو کوئی خطرہ نہیں، دشمن کو باور ہوا کہ ایٹم بم کا کنٹرول فوج کے پاس ہے تو سازش 9 مئی کی کردی گئی، سازش کے تحت پاکستانی فوج اور عوام کو لڑایا گیا، پی ٹی آئی، چیئرمین پی ٹی آئی عالمی طاقتوں کے آلہ کار بنے، ملک کی سلامتی کے اداروں پر حملے کرکے دشمن کو خوش کیا۔
ن لیگ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف جتنی مہم چلا رہی ہے اتنی را بھی نہیں چلا رہی، پوری دنیا میں ملک عزیز کے خلاف پی ٹی آئی نے مہم چلائی، چیئرمین پی ٹی آئی اناڑی تھا جس نے ملک کی تباہی کر ڈالی اور اب خود جیل میں جا بیٹھا ہے، ہم نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف وہ قائد ہے جس نے ایٹمی دھماکے کئے، ملک کو ترقی کے نئے راستے پر ڈالیں گے، جنوری 2024ء کے الیکشن میں ن لیگ بھرپور کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔