لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام و تعمیر پاکستان میں لیاقت علی خان نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔
ملک کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی 72 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیاقت علی خان ایک مخلص نظریاتی انسان تھے جنہوں نے بابائے قوم قائداعظم کی قیادت میں قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا، لیاقت علی خان بابائے قوم کے دست راست اور بااعتماد تحریکی ساتھی تھے، پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان نے 7 مارچ 1949 کو قرارداد مقاصد کا مسودہ دستور ساز اسمبلی میں پیش کیا، جس کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ اقتدار کا مالک اللہ تعالیٰ ہے، اسی قرارداد میں لکھا ہے کہ یہ حقِ اقتدار عوام کے منتخب نمائندے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال میں لائیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیاقت علی خان نے قرارداد مقاصد پیش کرتے ہوئے ایوان کو بتایا تھا کہ یہ قرارداد جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری ، برداشت، سماجی انصاف اور قوانین پر اسلامی تعلیمات کے مطابق عمل درآمد کرنے کے چھ نکات پر مشتمل ہے، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے لیاقت علی خان کا نام آل انڈیا مسلم لیگ کے اعزازی جنرل سیکرٹری کے طور پر پیش کیا تھا۔
صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ جنرل سیکرٹری کے طور پر لیاقت علی خان نے جماعت کی تنظیم سازی کی اور برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کے اس پلیٹ فارم کو فعال رکھا، اللہ تعالیٰ شہید ملت سمیت بانیان پاکستان اور تحریک پاکستان کے شہیدوں کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے مشن کو پورا کرنے والوں میں شامل فرمائے،آمین۔