کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا غریب عوام کو براہ راست فائدہ پہنچائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، اب ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کا بھی فرض ہے کہ وہ کرایوں اور اشیاء خورونوش میں اسی تناسب سے کمی کریں تاکہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست غریب عوام کو حاصل ہوسکے گا۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلوچستان بھر میں فعال کردار ادا کریں، امن و امان کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں، مزدوروں کا قتل انتہائی افسوسناک یہ بلوچستان کی روایت بھی نہیں ہے۔
میرعلی مردان ڈومکی نے کہا کہ تربت واقعہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری کیلئے حکومت سنجیدہ ہے، تربت واقعہ میں انتظامیہ کی کوتاہیاں ہیں، ایس پی کو معطل کر دیا ہے، باہر سے آنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن ہونی چاہئے تھی، میں خود 22 اکتوبر کو تربت جاکر تحقیقات کا جائزہ لوں گا۔
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ غیرقانونی افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی کریں گے، جو کوئی نارواسلوک کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔