دیپالپور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر چودھری تنویر نے کہا کہ نوازشریف کی آمد سے مہنگائی کو ریورس گیئر لگ گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر چودھری تنویر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹولے کو کچھ اور وقت مل جاتا تو ملک کا سودا ہوجاتا، ملکی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بناکر شہداء کے خون سے غداری کی گئی، نومئی کو دہشت گردوں نے سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
چودھری تنویر نے کہا کہ نومئی کے سانحہ میں ملوث ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، میاں نوازشریف ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، میاں نوازشریف کے ہر دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، میاں نواز شریف کا پوری قوم فقیدالمثال استقبال کرے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ن لیگ عوامی محرومیوں اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی، ورکرز کنونشن سابق ایم این اے راؤ محمد اجمل خان کی رہائش گاہ پر ہوا، کنونشن میں سیکڑوں لیگی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔