اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں 9 مئی کے ذمہ داروں کا ملٹری ٹرائل معطل کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ میں درخواست ملزم یاسر نواز کے بھائی شاہد نواز نے دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ خدشہ ہے کہ ملٹری کورٹس میں 9 مئی کے ملزموں کا ٹرائل شروع ہو چکا ہے، سویلین کے ٹرائل کیلئے ملٹری کورٹس کا قیام غیر آئینی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے ملزمان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع، سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا گیا
درخواست میں کہا گیا کہ پرامن حالات میں سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ ہوا، سویلین کا ملٹری ٹرائل آئین میں دی گئی ضمانت کے منافی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ ملزموں کی ملٹری اتھارٹی میں حراست غیر قانونی قرار دی جائے، نو مئی کے ذمہ داران کے فوجی ٹرائل کا فیصلہ بھی غیرآئینی قرار دیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ آرمی ایکٹ کا سیکشن 2(1)(ڈی)(2) اور 59 ذیلی شق 4 کالعدم قرار دی جائے، ملٹری کی طرف سے سویلین کا ٹرائل غیر آئینی قرار دیا جائے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہونے تک فوجی عدالت میں ٹرائل کا فیصلہ معطل کیا جائے۔