لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کی صورتحال کے تناظر میں پنجاب حکومت نے فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء نے شرکت کی، اجلاس میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سردیوں سے پہلے ہی لاہور کا شدید آلودگی کی لپیٹ میں آنا باعث تشویش ہے: شیری رحمان
محسن نقوی نے کہا کہ مقررکردہ مقدار سے زیادہ دھواں چھوڑنے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے گا، انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غیر معیاری فیول فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہو گی، انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سڑکوں پر گرد بٹھانے کے لئے تسلسل کے ساتھ پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے، تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے ریت اور بجری کو ڈھانپنا اور پانی کا چھڑکاؤ کرنا لازمی ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والے اقدامات پر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے، انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو اے کیو آئی کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت ڈویژن بھر میں انسداد سموگ کیلئے دفعہ 144 نافذ
اجلاس میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، منصور قادر، ڈاکٹر جمال ناصر، بلال افضل، ابراہیم حسن مراد، مشیر کنور دلشاد نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، صحت، خزانہ، ماحولیات، تعمیرات و مواصلات، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، صنعت، کمشنر لاہور ڈویژن اور ماحولیاتی ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔