لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریاست مخالف پروپیگنڈے کیلئے سرکاری پیسے کا استعمال کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے سوشل میڈیا ٹرولرز بھرتی کیے، ہمارے پاس تفصیلات ہیں کہ کس سفاکانہ طریقے سے عوامی پیسے کو لوٹا گیا، 2019ء میں خیبرپختونخوا حکومت نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے طور پر 1100 لوگ بھرتی کیے، ان کو بھرتی کرنے کا مقصد صحافیوں، سیاستدانوں کو گالیاں دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر کل 87 کروڑ روپے خرچ ہونا تھے، معاملے پر سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے، کیا یہ نوکریاں تحریک انصاف کی ملکیت تھیں؟، پارٹی کی تشہیر کیلئے پارٹی فنڈز سے پیسے جاری ہونا چاہیے تھے، غریب عوام کا 87 کروڑ روپیہ خرچ کیا گیا، غریب سے دوائی، روٹی اور تعلیم کا حق چھینا گیا۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری خزانے سے معاوضہ دے کر اداروں کے خلاف بیان بازی کی گئی، جن مجرمان نے ان 1100 لوگوں کو بھرتی کیا ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ایسے لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا قومی فریضہ ہے، اس گھناؤنے عمل پر کل ایک ارب سے زائد پیسہ خرچ کیا گیا۔