اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر آج سماعت کی جائے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں آج سماعت کیلئے مقرر ہیں، چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی خصوصی بینچ میں شامل ہیں، عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی درخواستوں پر کوئی اعتراض نہیں لگایا گیا۔
عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو غیر حاضری میں سزا سنائی، پٹیشنر کی اہلیہ لندن میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھیں، فیصلہ سنانے کے اعلان میں تاخیر کی استدعا کی جو منظور نہ ہوئی، نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث اپیلوں کی پیروی کیلئے حاضر نہیں ہو سکے۔