لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے وطن واپسی کے بعد پہلے روز سابق وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے ملاقات کی، ملاقات میں چیف آرگنائزر مریم نواز اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال اور مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے، ملاقات میں نوازشریف کے کیس سمیت عدالتی اموراور 24 تاریخ کو عدالتی کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی کارروائی بارے پارٹی قائد اور رہنماؤں کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے وکلاء تحریک چلائی، ہمیشہ قانون کا احترام کیا، مجھ سمیت مریم نواز، شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے بے بنیاد کیسز کا سامنا کیا، پارٹی کے تمام لوگ جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوئے، میں عوام کیلئے آیا ہوں، دعا ہے عام آدمی خوشحال ہو۔
قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے مینار پاکستان جلسے پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارٹی ترانے پر شاباش دی۔