اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر آج پھر سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کرے گا، نوازشریف وکلاء کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔
عدالت نے اپیلوں کے مستقبل سے متعلق نیب سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حفاظتی ضمانت پر بھی آج تک کیلئے توسیع کی گئی تھی۔
دوسری جانب رجسٹرار آفس نے بھی نواز شریف کی پیشی کیلئے سکیورٹی سرکلر جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق نواز شریف کیس کی سماعت ڈھائی بجے مقرر ہے، کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاسز جاری ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی لیگل ٹیم کو 15 افراد کی اجازت ہوگی، لاء افسران کو 10 پاسز اور صحافیوں کو 30 پاسز جاری کئے جائیں گے۔