اسلام آباد: (دنیا نیوز) آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) نے پارٹی رجسٹریشن منسوخی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی و قانونی مینڈیٹ سے تجاوز کیا، آئی پی پی اور جہانگیر ترین کو نوازنے کیلئے انتخابی نشان واپس لیا۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات کے تنازعات پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔
اے پی ایم ایل کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے رجسٹریشن بحال اور ہمارا انتخابی نشان عقاب ہمیں واپس کیا جائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے آئی پی پی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کو انتخابی نشان ’عقاب‘ الاٹ کیا ہے۔