نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ غزہ میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں، اسرائیلی فورسز غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام غزہ میں ظلم و جبر برداشت کر رہے ہیں، فلسطین میں اسرائیل اپنے شیطانی حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے، غزہ میں ڈھائے جانے والے مظالم متغیر نسل کشی کے مترادف ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے مزید کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل بھی متنبہ کر چکے ہیں اور ہم سب بھی مشاہدہ کر رہے ہیں، جن حالات کا میں نے ذکر کیا وہ ہر گزرتے وقت بعد بدترین ہوتے جا رہے ہیں، ہم سیکرٹری جنرل کے بیان کیخلاف اسرائیل کے ظالمانہ ردعمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ انسانیت کے ناطے ہم سب کو فلسطین میں جاری ظلم و بربریت پر مذمت کرنی چاہیے، خاص طور پر جو ظلم و ستم عورتوں اور بچوں پر ڈھایا جا رہا ہے، جس طرح شیطانی اور گھناؤنے طریقے سے فلسطینیوں کو ذبح کیا جا رہا ہے ہم سب کو اس کی بھی مذمت کرنی چاہیے۔