اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں 15 نومبر تک توسیع کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں بیان دیا کہ بشریٰ بی بی نے تیسری بار درخواست ضمانت دائر کی ہے جبکہ گزشتہ 2 بار ضمانتوں کی درخواست نمٹا دی گئی تھی اور نیب نے کہا بھی تھا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں، انہوں نے ایک ہی گراؤنڈ پر دربارہ درخواست ضمانت دائر کردی ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو کم از کم نوٹس تو پہلے دیا جائے۔
نیب کے تفتیشی افسر نے اپنا بیان احتساب عدالت میں جمع کروایا، جس میں کہا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بعدازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی دونوں مقدمات میں ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔