لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے تناظر میں صوبہ پنجاب میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کے انخلا کے لئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی مدد کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، پنجاب میں غیر قانونی طور پر رہنے والے کسی بھی غیر ملکی سے نرمی نہیں برتی جائے گی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی خود چلے جائیں، یکم نومبر سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لئے تمام اقدامات کر لئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکی افراد کے لئے مختلف اضلاع میں ہولڈنگ ایریاز اور عارضی کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔