اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اردن، ہولی سی، جمہوریہ چیک، برونائی دارالسلام اور قطر کے نامزد سفراء نے ملاقاتیں کیں۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کے دوران سفراء نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں، صدر مملکت نے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرے۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 1, 2023
ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، فلسطینیوں کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا، صدر نے کہا کہ پاکستان بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ عرب علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلاء کا حامی ہے، پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے، کونسل آئی ٹی، کارپوریٹ فارمنگ، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے سہولت فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، ان شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، صدر مملکت نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔