کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس نے دنیا کو بتا دیا جنگیں ایٹم بم یا میزائلوں سے نہیں لڑی جاتیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا، عرب حکمران سمجھ لیں اب یہ تحریک رکنے والی نہیں ہے، اب اس مزاحمت کا راستہ امریکا کا کوئی پٹھو نہیں روک سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے: حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی پوچھ رہے ہیں کہاں ہے مسلمان ممالک کی افواج، اسرائیل کی جیلوں میں10ہزارسے زائد فلسطینی موجود ہیں، کسی مسلمان ملک نے فلسطینیوں کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا، حماس نے مسجد اقصیٰ، فلسطینی قیدیوں کا مقدمہ لڑا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ اسرائیل گریٹراسرائیل کا خواب دیکھ رہا تھا، اسرائیل عرب ممالک کےغداروں کو ساتھ ملا کر آگے بڑھ رہا تھا، حماس کے راکٹوں نے اسرائیلی افواج کا مقابلہ کیا، حماس نےعالمی نشریاتی اداروں کو بھی بے نقاب کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کے نوجوانوں کی مزاحمت بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا اور ان کے مقامی ایجنٹوں سے نجات حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، ڈکٹیٹروں، نام نہاد سیاست دانوں نے ہماری معیشت تباہ کی، معیشت کا ڈراوا دے کر اب تمہارا ناٹک نہیں چلے گا۔