کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حماس کے نوجوانوں کی مزاحمت بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔
کراچی میں شاہراہ فیصل پر فلسطین مارچ کے شرکا سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مغرب بے نقاب ہو چکا ہے، افسوس ہمیں مسلم حکمرانوں پر ہوتا ہے، کاکڑ صاحب نے کہا یہ دو ریاستوں کی جنگ ہے، کوئی دو ریاستی حل نہیں، ریاست صرف فلسطین ہے، اسرائیل ناپاک وجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں اسرائیلی دندناتے پھر رہے ہیں اور حماس کچھ نہ کرے؟، ہم ان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، مسلم حکمرانو غیرت پکڑو، مسلمانوں کا ساتھ دو۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ہمارا یہاں آنا فلسطین کا حوصلہ بلند کرے گا، ہماری آواز پوری دنیا میں گونج رہی ہے، مسجد اقصیٰ میں نبی کریمﷺ نے انبیاء کی امامت فرمائی تھی، جو لوگ چاہیں گے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں تو وہ بزدل ہو سکتے ہیں ہم نہیں، ہم سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔