لاہور: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرے، فلسطینیوں کی حمایت کا راستہ صرف جہاد ہے۔
لاہور میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی سے لے کر چترال تک قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم حکمران فلسطینیوں کا ساتھ دیں یا نہ دیں ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، مسئلہ فلسطین اسلام اور ایمان کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ ہماری عزت اور ایمان ہے، مسجد اقصیٰ کی آزادی کا مشن ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے، اگر امریکی بیڑہ غزہ میں جا سکتا ہے تو سن لو ہم بھی وہاں جا سکتے ہیں، اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا فلسطین میں اسرائیل کے مظالم دیکھ رہی ہے، ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دینا ہوگا، آج اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کہاں سوئے ہوئے ہیں، یہودی خاتون نے بھی فلسطینیوں کے حق میں بیان دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں نے کہا ہم ماؤں، بہنوں کی عزت کرتے ہیں، کچھ امریکی ایجنٹ حماس کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، عالم اسلام کے حکمران بتائیں اسرائیل کے محافظ ہیں یا فلسطینیوں کے؟، امریکہ غلیل پکڑنے والے فلسطینیوں کو دہشت گرد کہتا ہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم نے فلسطین میں دو ریاستوں کا بیان دیا، انوارالحق کاکڑ صاحب یہ قائداعظم کی پالیسی نہیں ہے، نگران وزیراعظم کا بیان فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی ہے، نگران وزیراعظم اپنا بیان واپس لیں۔