حماس کے مجاہدین نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کر دیا: سراج الحق

Published On 08 October,2023 10:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہم شکر گزار ہیں کہ ہم نے آج سرخ فوج کو شکست سے دوچار ہوتے دیکھا، سرخ فوج کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ جہاں بھی جاتی ہے فتح حاصل کرتی ہے۔

سراج الحق نے کہا افغانستان میں مجاہدین نے بھی سرخ فوج کو شکست سے دوچار کیا تھا، حماس کے مجاہدین کی کارروائی سے اسرائیل اور ان کی سرپرستی کے خواب چکنا چور ہوگئے، یہودیوں کو کبھی اتنا بڑا نقصان نہیں پہنچا، حماس کے مجاہدین نے 7 ہزار راکٹ برسا کر اسرائیل کو فلسطین سے بھگایا۔

یہ بھی پڑھیں: ادارے فروخت کرنے کے بجائے کرپشن ختم کی جائے: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج فلسطین میں جشن کا سماں ہے، 400 سے زائد فلسطینی بھائی شہید ہوگئے ہیں، اسرائیل کا موساد کہاں گیا؟ ان کے انٹیلی جنس ادارے کہاں گئے ہیں؟ حماس کے مجاہدین نے ثابت کردیا کہ اللہ غالب ہے۔
 سراج الحق نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے فلسطین میں دو ریاست کی لڑائی کہا ہے، انوارالحق کاکٹر جان لیں کہ یہ دو ریاست کی لڑائی نہیں ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے، فلسطین میں حق اور باطل کے درمیان لڑائی ہے، اسرائیلی بیت المقدس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ ہونے والے انتخابات جھرلو الیکشن نہیں ہونے چاہئیں، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم ، آرمی چیف اور عالم اسلام کے مسلمانوں سے کہنا چاہتا ہوں فلسطینی مسلمانوں کو تنہا چھوڑنا شیطان کا ساتھ دینے کے برابر ہے، ایمان کا تقاضا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دیا جائے، ہم 25 کروڑ پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ یہ ہفتہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منایا جائے گا، گلی، کوچوں، بازاروں اور تعلیمی اداروں میں ہفتہ یکجہتی فلسطین منائیں گے۔