کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس اور فلسطینیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، غاصب کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بجلی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف گورنرہاؤس کے باہراحتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی آگ میں لوگ جھلس رہے ہیں، کراچی سے خیبر تک پورے پاکستان میں اگر کوئی آواز ہے تو وہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہے۔
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) October 8, 2023
حافظ نعیم الرحمان نے کہا سارے گورنر ہاؤسز پر دھرنے دیئے گئے، 2ستمبر کو شہر میں پہیہ جام ہڑتال بھی کی، اس وقت جو حکمران طبقہ ہے وہ 76 سال سے ہم پر مسلط ہے، ان لوگوں کی پارٹیاں بدلتی رہتی ہیں، یہ سارے امریکا کی آشیرباد سے حکومت میں آتے ہیں، حکومت میں آ کر آئی ایم ایف کی غلامی بھی کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا 264 ارب روپے پاکستان کے عوام ٹیکس جمع کراتے ہیں، یہ آئی ایم ایف کا نظام نہیں چلے گا، امریکا کی غلامی نہیں چلے گی، ہم اس ملک کو امریکا کی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔