کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام مظلوم و نہتے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملے کی شدید مذمت کی اور مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا، انہوں نے کہا کہ حماس نے اپنا مزاحمتی کردار ادا کرتے ہوئے پوری امت مسلمہ کا فرض کفایہ اد ا کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس نے بیت المقدس کی آزاد ی کے لئے پیش رفت کی ہے، ہم ان کی مزاحمت کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا، اسرائیل کی غاصب افواج کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مرد و خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو پوری دنیا کے مسلمانوں کو جگا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا اقوام متحدہ، امریکا، یورپ اور عالمی اداروں کی اسرائیل کے ظلم و ستم پر مجرمانہ خاموشی و بے حسی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔