کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاک فوج اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خواتین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملے بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، مظلوم فلسطینی نہتے ہوتے ہوئے بھی قبلہ اول کے لئے کھڑے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سوال ہے مسلم حکمران وسائل ہوتے ہوئے کچھ نہیں کر رہے، امریکہ دہشت گرد ریاست ہے، اسی لئے اسرائیل کی دہشت گردی کا ساتھ دے رہا ہے، اسرائیل انسانیت کے لئے دہشت گرد ریاست ہے، ہم قائداعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسرائیل کو کسی صورت نہیں قبول کرسکتے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اسرائیل اب تک ہزاروں لوگوں کو شہید کر چکا ہے، اگر حماس اقدام نہیں اٹھاتی تو فلسطین کے لئے کون آوازاٹھا رہا تھا؟ حماس کے اقدامات سے پوری دنیا جاگ چکی ہے، حماس نے ظالم اور مظلوم کے درمیان تقسیم قائم کردی ہے، افواج پاکستان سے مطالبہ ہے کہ دنیا بھر کے مسلم ممالک افواج سے رابطہ کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افواج پاکستان اسرائیل کی جارحیت کو ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، اگر واضح پیغام چلا گیا تو اسرائیل اپنی کارروائی روکنے پر مجبور ہوجائے گا، جو بھی کہے اسرائیل کو تسلیم کرو وہ امت مسلمہ کا غدار ہوگا، زبانی جمع خرچ سے مسلم ممالک اسرائیلی مظالم کی مذمت کر رہے ہیں۔