کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اسرائیل، امریکا کا وہی حال ہوگا جو نیٹو اور روسی افواج کا افغانستان میں ہوا تھا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فلسطین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی زندگی آخرت کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں، انسانوں کے اس سمندر سے اپنی گفتگو کو سعادت سمجھتا ہوں، دنیا بھر میں سارے باضمیر انسان فلسطین کے حق میں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے ثابت کیا ہمارا مرنا جینا فلسطین کے لئے ہے، یہ جذبہ طوفان کے آگے اسرائیل اورامریکا نہیں کھڑا ہو سکتا، ان دونوں کی شکست ممکن ہے، افغانیوں نے امریکہ کے خلاف بغاوت کی، آج ایک سال میں افغانستان کی کرنسی پاکستان سے کئی گنا بہتر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میری امت کو اس وقت صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے، عزت کی موت ذلت کی زندگی سے بہتر ہے، آرمی چیف سے کہنا چاہتا ہوں کہ صلاح الدین ایوبی بن جائیں، اگر مسلم حکمرانوں نے خاموشی اختیار کی تو سمجھیں گے کہ انہوں نے امریکا کا ساتھ دیا۔
سراج الحق نے کہا کہ غزہ کو بچانے کا وقت آج ہے، سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تمام مذاکرات اور تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا، شاباش دیتا ہوں ایران اور سعودی عرب نے آپس میں رابطے شروع کئے ہیں، اب ہماری باری ہے کہ ہم مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے کیا کرسکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم حکمران اس دن کا انتظار نہ کریں کہ جب غزہ ملبے کا ڈھیر بن جائے، اعتراف کرتا ہوں کہ فلسطین کے مجاہدین نے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کا حق ادا کردیا، اسرائیل خواتین پر تشدد کرتا ہے، چھوٹے گروپ ایمان کے ساتھ بڑے بڑے گروپوں پر غالب آتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 16 سالوں سے غزہ کا محاصرہ ہے، ہر دن بمباری ہوتی ہے، اسرائیل اور امریکا کا وہی حال ہوگا جو نیٹو اور روسی افواج کا افغانستان میں ہوا، ہمارا مرنا اور جینا فلسطین، مسجد اقصیٰ اور وہاں کی عوام کیلئے ہے، دنیا بھر میں آج ساری انسانیت فلسطینیوں کے حق میں کھڑی ہے۔