وہاڑی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران خود کو مالک اور عوام کو کرائے دار سمجھتے ہیں، ملک پر 76 سال امریکی غلاموں نے حکومت کی جو عوام کے بجائے انگریز کے وفادار ہیں۔
ہاکی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر چند خاندانوں یا جرنیلوں نے حکومت کی ہے، پاکستان کے سیاسی لیڈروں کی جائیدادیں دنیا بھر میں ہیں، کیا ان حکمرانوں کے چار ہاتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ 12 ارب سے زائد کی کرپشن کی جاتی ہے، پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں کے گورنر ہاؤسز وائٹ ہاؤس سے بھی بڑے ہیں، اگر عوام نے ساتھ دیا تو ملک میں قائم ان بڑی بڑی جاگیروں کو ختم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قدیر جیسے محسن اس ملک میں اپنے گھر میں قید کیے گئے، انڈیا نے ایٹم بم بنانے والے عبدالکلام کو صدر بنایا، ڈاکٹر قدیر نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ بم بنا کر میں نے کوئی جرم کیا ہے، ڈاکٹر قدیر جیسے ہیرو کے ساتھ انتہائی ظلم اور زیادتی کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی آج بھی امریکی جیل میں بے قصور قید ہے، انہی حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کیا، ڈاکٹر عافیہ نے پیغام دیا کہ میں قیامت کے روز نبی اکرم ﷺ کے سامنے حکمرانوں کی شکایت کروں گی، ہم لوگ کس منہ سے قیامت کے دن نبی اکرم ﷺ کے سامنے جائیں گے؟۔