لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جس طرح ہمارے لیے کشمیر اہم ہے اسی طرح غزہ اہم ہے، 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کریں گے۔
فلسطین کانفرنس سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ غزہ کا 3 لاکھ اسرائیلی فوج نے محاصرہ کیا ہوا ہے، اس وقت ہمارے ہزاروں بھائی، بہنیں اسرائیلی جیلوں میں ہیں، فلسطینی بچے بھی ہمارے ہی بچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دائرے سے نکل کر کردار ادا کرنا ہے، اسرائیلی دہشتگردی کا مقابلہ نہ کیا گیا تو تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے، جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہو جائے لوگ مہم میں شریک ہوں، مسلم حکمران آگے بڑھیں اور غزہ کو بچائیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ اسرائیلی کمپنیوں کا اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے، ہم نے کراچی، لاہور او رپشاور میں مارچ کیا، امریکہ اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے، بائیڈن وہاں جا کر دھمکی دیتا ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم بھی فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ساتھ کھڑے ہیں۔