لاہور: (دنیا نیوز) غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پناہ اور املاک کرائے پر دینے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کیلئے ضروری اقدامات پر پیشرفت بارے رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لئے کارروائی تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے پرعزم
اس موقع پر بریفنگ دی گئی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کے لیے ہولڈنگ ایریاز قائم، منتقلی جاری ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی شناخت مستند ڈیٹا کے ذریعے کرنے کیلئے میکانزم تیار ہے۔
اجلاس سے خطاب میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی مدد کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام کمشنرز اور آر پی اوز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔