لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں سمارٹ تھانے بنائے جائیں گے۔
پولیس خدمت مرکز برکت مارکیٹ، گارڈن ٹاؤن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ خدمت مرکز بننے سے پولیس اور عوام کا باہمی رابطہ بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ خدمت مرکز سے پولیس کی کارکردگی اور تاثر بہتر ہو گا، آئندہ دنوں میں مزید خدمت مراکز کا افتتاح ہوگا، لاہور شہر میں ایف آئی آر درج نہ ہونے کی شکایتیں نہیں ملتیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ مانانوالہ میں بچے کے جاں بحق ہونے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی، ایس ایچ او کو راجن پور ٹرانسفر کر دیا، دیگر شہروں میں ایف آئی آر درج نہ ہونے کی شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) October 19, 2023
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 750 تھانے اپ گریڈ کرنے کیلئے 1.9 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، لاہور کے 10 تھانوں کے لئے اراضی اور عمارت کے فنڈز دے دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20، 20 سال سے بیٹھے پولیس افسران کی جگہ نوجوان افسر تعینات کر رہے ہیں، پٹرول کی مد میں پولیس کو 1 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، فیلڈ آفیسر کے پاس گاڑی ہونی چاہیے، پوری کوشش ہے کہ ہمارے ہوتے ہوئے کسی کو کرپشن کا موقع یا جواز نہ ملے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا سکھ یاتریوں کو ویزا آن آرائیول، ٹورز کا خصوصی پیکیج دینے کا اعلان
محسن نقوی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کم ہونے پر کرایوں میں 10 سے 15 فیصد کمی کرائی ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کر سکتا ہوں کروں گا، جتنے بھی پراجیکٹس جاری ہیں، کوشش ہے کہ الیکشن سے پہلے مکمل کر کے جاؤں۔