راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں نجی ہاؤسنگ سکیموں میں مقیم گینگز اور مافیاز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے کمیٹی روم میں صوبائی کابینہ کے 28 ویں اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سکیموں میں مقیم گینگز اور مافیاز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، مختلف اداروں اور محکموں کی جانب سے کاروبار اور دیگر بزنسز کے لئے این او سیز کے اجراء کو آسان بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں مری میں ٹی بی ہسپتال میں جنرل ہسپتال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا کنڈل چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان
اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو اعلیٰ معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، کچہری چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں ڈوڈھچہ ڈیم، نالہ لئی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، 9مئی کے پرتشدد واقعات میں راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس کے جلائے گئے 3 سٹیشنز کی بحالی کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دیدی گئی۔
راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، سیف سٹی پراجیکٹ سے راولپنڈی میں جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی، پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں ہاسپٹل مینجمنٹ انفارمیشن اینڈ کیو مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ اور فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: 328 افراد کے گردے نکالنے والے گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا: محسن نقوی
بہاولنگر، فیصل آباد اور لاہور میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹس میں پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، رحیم یار خان کے علاقے خان پور میں کیڈٹ کالج کو آپریشنل کرنے کی منظوری دی گئی، سینٹرل لائبریری بہاولپور کی اپ گریڈیشن اور تزئین و بحالی کی بھی منظوری دی گئی۔
گورنمنٹ آف پنجاب، ہرن فاؤنڈیشن اور ہوبارہ فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو میں دوسری ترمیم کی منظوری دی گئی، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی، کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کیلئے چیئرپرسن اور ٹیکنیکل ماہرین کی نامزدگی کی بھی منظوری دے دی۔
کمشنر راولپنڈی نے فلاح عامہ کے پراجیکٹ کے بارے میں کابینہ کو بریف کیا، آر پی او راولپنڈی نے امن عامہ کی صورتحال کے بارے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے 7 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔