محسن نقوی کا کنڈل چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان

Published On 02 October,2023 07:27 pm

میانوالی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کنڈل چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے میانوالی کی عیسیٰ خیل کنڈل چیک پوسٹ پہنچ گئے، محسن نقوی نے ہارون الرشید چیک پوسٹ کے ارد گرد حفاظتی دیوار بنانے کا بھی حکم دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے حملہ ناکام بنانے والے پٹرولنگ پولیس کے جوانو ں کو شاباش اور انعامات دیئے، پٹرولنگ پولیس کے جوانوں کی ہمت اورحوصلے کو سراہا، جوانوں کے ساتھ مل کر ہارون الرشید شہید زندہ باد، پنجاب پولیس زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

محسن نقوی نے کہا دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے والے جوان ہمارا فخر ہیں، آپ نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وزیراعلیٰ نے چیک پوسٹ کا جائزہ لیا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نشانات دیکھے، چیک پوسٹ کی چھت پر بھی گئے اور جوانوں سے بات چیت کی۔