اسلام آباد: (دنیانیوز) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ملاقات کی ہے جس میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات آمد پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا خیرمقدم کیا ، ملاقات میں دونوں وزرا نے حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔
ملاقات میں انتخابات کے حوالے سے نگراں حکومت کی الیکشن کمیشن سے معاونت سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نگراں وفاقی وزرا نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔
اس موقع پرمرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمارا فرض ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔