نگران وزیر مذہبی امور سے بحرین کے رکن پارلیمنٹ کی ملاقات، اتحاد امت پر تبادلہ خیال

Published On 03 October,2023 06:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور سے بحرین کے رکن پارلیمینٹ، سابق سپیکر شیخ عادل عبدالرحمان المعاودہ نے ملاقات کی، ملاقات میں اتحاد امت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مولانا ابوتراب، مولانا عتیق الرحمان شاہ کاشمیری، پروفیسر سجادقمر اور مولانا حافظ مقصود احمد بھی موجود شریک ہوئے، دونوں رہنماؤں میں اتحاد امت کے فروغ اور مشترکہ مسائل کے حل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انیق احمد نے کہا کہ پاکستان لیلۃ القدر کو وجود میں آیا، اس کی بنیاد قرآن اور اسلام پر رکھی گئی تھی، مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک کو ملکر امت کے تاثر کو اجاگر کرنا ہو گا، اسلام دنیا میں عزت سے جینا سکھاتا ہے ہمیں اپنے کردار کو قرآنی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا مسلمان دنیا کی آبادی کا 25 فیصد، پرامن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہمیں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان نسل کو دین کے قریب لانا ہو گا، ہمیں اپنی نوجوان نسل کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالوں کا تسلی بخش جواب دینا ہوگا، بدقسمتی ہے کہ نوجوانوں کی اکثریت دورِ حاضر کے مسائل کا حل قرآن سے تلاش نہیں کرتی۔

انیق احمد نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل قرآن سے محبت رکھتی ہے لیکن اس کو سمجھ کر نہیں پڑھتی، شیخ عادل عبدالرحمان المعاودہ نے کہا کہ بحرین کے لوگ اسلام کے نام پر بننے والی واحد ریاست پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔