فیصل آباد (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائیں۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران ویراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نظام تعلیم کی بہتری کیلئے نگران حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں، زرعی یونیورسٹی میں گندم کے بیج پر کام ہورہا ہے، تحقیق کیلئے ہم زرعی یونیورسٹی کو ہر قسم کی سہولت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سویابین کا بہت بڑا مسئلہ ہے، زرعی یونیورسٹی میں سویابین کی کاشت پر بھی تحقیق ہورہی ہے، اگر ہم سویابین پاکستان میں کاشت کرانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے، ہم نے گنے کا بھی ایک بیج تیار کرلیا ہے جس کا زرعی یونیورسٹی کو کریڈٹ جاتا ہے، ایک ایکڑ پر جب کسان کو تین گنا زیادہ گنا ملے گا تو بہت فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسرچ کے بغیر کوئی چیز ممکن نہیں ہے، ازبکستان والے ہم سے بیج لیکر گئے اور تین گنا زیادہ پیداوار حاصل کررہے ہیں، چاہے جو مرضی کرلیں ہماری ترقی ہونی ہے تو صرف زراعت سے ہونی ہے، فیصل آباد دالوں کا حب ہے، یہاں سے ریٹ مقرر ہوتا ہے، جو فیصل آباد میں ریٹ مقرر ہوتا ہے وہ پورے پنجاب میں جاتا ہے، ہم کوشش کررہے ہیں پولٹری، گھی، آٹا ہر چیز کا ریٹ 10 سے 15 روپے کم ہو۔