اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی 31 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
تحریری حکمنامہ میں کہا گیا سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع فراہم کر دیا، عدالت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتی ہے، عدالتی حکم کی نقل اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کو پہنچائی جائے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہونا چاہیں تو جیل سپرنٹنڈنٹ انتظامات کریں۔
سپریم کورٹ کے حکمنامہ میں کہا گیا نیب ترامیم فیصلے کیخلاف سماعت سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تفصیلی فیصلے سے مشروط ہے، اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کر دیئے، چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا۔
واضح رہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نیب ترامیم کیس میں مرکزی درخواست گزار ہیں۔