دوحہ: (دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان کی قطر میں حماس کے رہنماؤں اسماعیل ہانیہ اور خالد مشعل سے ملاقات ہوئی ہے۔
وفد کے ہمراہ قطر میں موجود جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔
حماس رہنما اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو جائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کیلئے میدان میں نکلے اور اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔
خالد مشعل نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔