اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے 60 یرغمالی لاپتا ہو گئے ہیں : حماس

Published On 05 November,2023 01:56 pm

غزہ : (ویب ڈیسک ) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے 60 یرغمالی لاپتا ہو گئے ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بتایا کہ 7 اکتوبر کے حملے کے دوران یرغمال بنائے جانے والے 60 قیدی اسرائیلی بمباری کی وجہ سے لاپتا ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ حماس نے بتایا تھا کہ 7 اکتوبر کے حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے پچاس قیدی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہو گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ قابض اسرائیل کی غزہ کے خلاف مسلسل جارحیت کی وجہ سے ہم ان تک کبھی نہیں پہنچ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیلی فوج کا المغازی کیمپ پررات گئے فضائی حملہ، 50 فلسطینی شہید

یاد رہے کہ گزشتہ روز مریکی حکام نے بتایا تھا کہ ان کا ملک حماس کی طرف یرغمال بنائے گئے افراد کی تلاش میں غزہ کی فضا میں مسلسل ڈرونز طیاروں کے ذریعے ان کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے 239 شہریوں کو یرغمال بنایا تھا جن میں سے چار شہریوں کو رہا کیا جاچکا ہے، حماس نے اعلان کیا تھا کہ وہ چند روز میں مزید غیر ملکی یرغمالیوں کو انسانی ہمدردی کی بنا پر رہا کر دے گا۔