لاہور : (دنیانیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف 8 فروری کا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج ن لیگ کے سیکرٹریٹ میں 4سال بعد تشریف لائے اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ21اکتوبرکوپورے پاکستان نے نوازشریف کا استقبال کیا، اس روز سڑکوں پر جگہ ختم ہوگئی تھی، مخالفین نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہے، قائد ن لیگ نے ہر بار پاکستان کےعوام کی خدمت کی، اب بھی عوام نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ امید لگاکر بیٹھی ہے۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں الیکشن کیلئے تیار ہیں، ہم پاکستان سے مہنگائی ختم کرنے ، کسان کو سستی کھاد اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے تیار ہے، جس نے اپنا الیکشن سیل بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور تمام صوبوں کے پارلیمانی بورڈ ترتیب دے دیئے گئے ہیں، نوازشریف 8فروری کا الیکشن لڑیں گے، پاکستان کے عوام کو موقع دیں ،آر ٹی ایس نہ بیٹھے، عوام یہ فیصلہ کرے کہ کس کو وزیراعظم بنانا ہے تو عوام کا انتخاب 3بار کے وزیراعظم نوازشریف ہی ہوں گے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن میرے بھائی کہہ رہے تھے کہ پیپلز پارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی، ساری جماعتوں کو مشورہ ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، فیلڈ میں الیکشن کی تیاری کریں، پاکستان کے عوام کی فیلڈ 21اکتوبر کو پورے ملک نے دیکھی، سیاسی قوتوں کو یہ بات معلوم ہوچکی ہے عوام نے نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف نے تقریر میں کہا کہ ذاتی مظالم کو بھلا کر ملک کی خاطر واپس آیا ہوں، موجودہ مسائل کے خاتمے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، نوازشریف کے دور میں عوام کو 5 روپے کی روٹی ملتی تھی، ہم نے ریلیف دیا تھا ایک بار پھر دیں گے۔
مریم اورنگزیب کامزید کہناتھا کہ 16ماہ میں پاکستان کو شہبازشریف کی قیادت نے ڈیفالٹ سے بچایا، شہبازشریف نے16ماہ اتحادی، مثالی اتحادی حکومت چلائی ہے، مولانا فضل الرحمان،آصف زرداری صاحب نے عوام کیلئے بہت خدمت کی ہے، مولانا فضل الرحمان نے مشکل وقت میں پی ڈی ایم کی سربراہی کی ، سب نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔