لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے غزہ پر ایٹم بم گرانے کی اسرائیلی وزیر کی دھمکی کی شدید مذمت کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ صیہونی ریاست اور ایٹمی قوت انتہا پسند جنونیوں کے ہاتھ میں ہے، بے گناہوں کے قاتلوں کا پوری دنیا پر خود کش حملے کرنے کا منصوبہ ہے، آئی اے ای اے فی الفور صیہونی ریاست کی جوہری تنصیبات پر مانیٹر مقرر کرے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا صیہونی ریاست کی انتہا پسندی اور ایٹمی پاگل پن پر ٹھوس ردعمل دے، یہ پاگل پن پوری دنیا کو بھسم کرنے کے مترادف ہے، نہتی، بے گناہ آبادی کے قتل عام پر خاموشی کے مزید بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، ایٹم بم گرانے کا بیان مستقبل کی سوچ اور ارادوں کا پتہ دے رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ جنونیوں کو نہ روکا گیا تو دنیا جہنم بن جائے گی، عالمی برادری، سلامتی کونسل، اسلامی دنیا دھمکی کا سنجیدگی سے نوٹس لے، اسلامی ممالک سفارتی سطح پر مشترکہ مہم کا بھرپور آغاز کریں۔