لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں عوام کی عدالت میں جانے کو تیار ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوامی قیادت آئے گی تو عوام کی زندگی میں خوش حالی آئے گی، قومی اسمبلی تحلیل کرنے والوں کو سپریم کورٹ نے ان کے جرم کی سنگینی بتا دی ہے، 3 اپریل اور 9 مئی کے جرم کی سزا آئین و قانون کی سربلندی اور ریاست کی عملداری کا معاملہ ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کا عمل شروع کیا، پارٹی کا الیکشن سیل، پارلیمنٹری بورڈز، منشور کمیٹی کی تشکیل ہو چکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یکم نومبر سے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع کی جا چکی ہے، یہ تمام اقدامات اس امر کے عکاس ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) الیکشن کے لئے تیار ہے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ملک میں ترقی کا عمل پھر شروع کریں گے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 2018ء میں ملک ترقی کی جس بلندی پر تھا، نہ صرف اسی مقام پر واپس لائیں گے بلکہ وہاں سے آگے لے کر جائیں گے، ملک میں دوبارہ امن لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کا خاتمہ، بے روزگاری اور مہنگائی سے عوام کی جان چھڑائیں گے، نوجوانوں کی ترقی، کاروبار اور ہنرمندی کا دور پھر سے شروع ہو گا، انشاء اللہ۔