شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات، الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا

Published On 03 November,2023 04:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف سے سابق وزیر سردار اویس خان لغاری، سابق ایم این اے عابد رضا کوٹلہ اور سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی الگ، الگ ملاقات ہوئی۔

اویس لغاری سے ملاقات میں شہباز شریف نے انہیں بریت پر مبارک باد دی، شہباز شریف نے اویس لغاری کے جذبے، استقامت اور بہادری کو سراہا۔

ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی نے جس بہادری سے سیاسی انتقام کا سامنا کیا وہ ایک منفرد مثال ہے، نواز شریف ملک وقوم کی خوش حالی کی کلید ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شہباز شریف سے پارٹی امور اور انتخابات کے حوالے سے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا، اس حوالے سے انہوں نے اپنے حلقوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

پارٹی رہنماؤں نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی وطن واپسی اور 21 اکتوبر کے تاریخی جلسے پر پارٹی صدر کو مبارک باد بھی پیش کی۔