صوبوں اور مرکز میں مضبوط حکومت سے ہی ترقی ممکن ہے: ایاز صادق

Published On 02 November,2023 09:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ صوبوں اور مرکز میں مضبوط حکومت سے ہی ترقی ممکن ہے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما ایاز صادق نے کوئٹہ کا دورہ کیا، صوبائی صدر جعفر مندوخیل کی جانب سے سردار ایاز صادق کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، عشائیے میں جعفر مندوخیل سمیت پارٹی کے صوبائی ارکان یعقوب ناصر، چنگیز مری و دیگر شریک ہوئے، ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کرنے والے بی اے پی کے ارکان عبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی و دیگر نے بھی شرکت کی۔

سردار ایاز صادق نے عشائیے میں آئے مہمانوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء میں جب میاں صاحب کو ہٹایا گیا تب ملک ترقی کر رہا تھا، 2017ء میں ملک جس رفتار سے ترقی کر رہا تھا ہم جی 20 کا حصہ بننے جا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات کے ذمہ داران کے علاوہ ہر کسی سے بات چیت ہوسکتی ہے: رانا ثنا

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سازش کے بعد جو تجربہ کیا وہ ناکام رہا، ملک کے حالات بدتر ہوگئے، ملک کے اوپر تاریخی قرضہ چڑھا دیا گیا، میاں نوازشریف جیسا کوئی دوسرا لیڈر نہیں، ہر کوئی چاہتا ہے عوام کے لئے آسانیاں ہوں، انشاء اللہ بلوچستان میں ن لیگ حکومت بنائے گی۔

ایاز صادق نے کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب کا بجٹ کم کرکے بلوچستان کو رقم دی، کوشش ہوگی جلد میاں نوازشریف کوئٹہ کا دورہ کریں، میاں نواز شریف دورہ کوئٹہ کے دوران تنظیمی ساتھیوں سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کسی فرد کے احتساب کو اپنے منشور کا حصہ نہیں بنائیں گے: عرفان صدیقی

ن لیگ کے صوبائی صدر جعفر مندوخیل نے کہا کہ 16 سے 18 سابق ارکان اسمبلی ن لیگ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، شمولیت کرنے والوں کا باقاعدہ اعلان میاں نواز شریف کی آمد پر کیا جائے گا۔