لاہور: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیر اعظم شہبازشریف سے سابق رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ اور برطانوی وکیل انصر محمود نے الگ الگ ملاقات کی۔
احسان الحق باجوہ نے پارٹی صدر سے تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیا، احسان الحق باجوہ اور انصر محمود نے شہبازشریف کو 21 اکتوبر کے تاریخی اجتماع پر مبارک دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑے جذبے سے کام کیا، پارٹی نے انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، یہ الیکشن ہم نے عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے لڑنا ہے۔
— PMLN (@pmln_org) November 1, 2023
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ معیشت بحال کرنی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے، ملک سے مہنگائی کے اندھیرے دور کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ اور ہمارا فخر ہیں، معاشی بحالی اور ملکی ترقی کے لئے اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر عنصر محمود نے شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور آپ کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو سراہتے ہیں۔